بٹگرام میں منعقدہ تین روزہ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا، اختتامی دعا رائیونڈ سے تشریف لائے بزرگ عالمِ دین مولانا عبداللہ نے کروائی، ملک و ملت کی سلامتی، امن و استحکام، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے دعائیں مناگی گئیں ۔
اجتماع کے اختتامی لمحات میں علماء کرام کی پرسوز اور رقت آمیز دعا کے دوران روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے، ملک و ملت کی سلامتی، امن و استحکام، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے جب ہزاروں ہاتھ بارگاہِ الٰہی میں بلند ہوئے تو شرکاء کی آنکھیں اشکبار اور دل دعاؤں میں مشغول رہے ۔
تبلیغی اجتماع میں ضلعی پولیس آفیسر( ڈی پی او) بٹگرام قمر حیات خان نے بھی شرکت کی اور علماء کرام سمیت اجتماع کے منتظمین سے ملاقات کی ۔
ڈی پی او بٹگرام نے اجتماع کے روحانی ماحول اور منتظمین کی جانب سے کیے گئے بہترین انتظامات کو سراہا اور ملک و قوم کی سلامتی، امن و استحکام اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے کی جانے والی خصوصی دعا میں شرکت کی ۔
اس موقع پر علماء کرام اور اجتماع کے منتظمین نے اجتماع کے دوران سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے بٹگرام پولیس کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا ۔


