مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور نے صوبے کے لیے مختص کردہ ترقیاتی پیکج میں سے 10 ارب روپے کے اجرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رقم عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی ضروریات کی تکمیل پر صرف کی جائے گی ۔
پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں ثمر ہارون بلور نے وزیراعظم کی طرف سے اعلان کردہ 160 ارب روپے کے خیبر پختونخوا ترقیاتی پیکج کی پہلی قسط کے طور پر 10 ارب روپے جاری ہونے کو خوش آئند قرار دیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ فنڈز کی اس ابتدائی فراہمی سے صوبے بھر میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی اسکیموں کو تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مدد ملے گی ۔
مشیر اطلاعات نے اس بات پر زور دیا کہ جاری ہونے والے مالی وسائل کو براہِ راست عوامی مفاد اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے استعمال میں لایا جائے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں مکمل شفافیت اور مقررہ وقت پر ان کی تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ صوبے کے شہری ان فنڈز کے مثبت نتائج سے عملی طور پر مستفید ہو سکیں ۔


