پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کاروباری افراد کو تمام متعلقہ سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کرنے کے لیے احکامات جاری کیے۔
گورنر نے سنگل ونڈو نظام متعارف کرانے اور آسان کاروبار سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کا پورٹل جلد فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبے میں کاروبار کو آسان بنانے اور متعلقہ قوانین و ضوابط میں اصلاحات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں مشیر خزانہ طارق محمود پاشا، مشیر صنعت ارشاد احمد، مشیر ترقی و منصوبہ بندی عثمان سیف اللہ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، سیکرٹری صنعت اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں گورنر کو کاروباری افراد کو سہولیات فراہم کرنے، این او سیز کے اجرا اور خیبرپختونخوا آسان کاروبار ایکٹ 2025 سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
انہیں آسان کاروبار لائیو پورٹل، ریگولیٹری لائسنسنگ اینڈ سرٹیفکیشن دفاتر کی ڈیجیٹائزیشن، درپیش مسائل اور ان کے حل سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کاروباری اصلاحات کے لیے 19 محکموں کی مشاورت سے اقدامات تیار کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ کاروباری افراد کے لیے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جائیں۔
کاروبار کے فروغ اور عوامی سہولت کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا طریقہ کار مزید آسان بنایا جائے تاکہ شہریوں کو معمولی کاموں کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ آسان کاروبار سے متعلق شکایات کے اندراج اور فوری ازالے کے لیے تیار کردہ پورٹل جلد از جلد فعال کیا جائے۔
کاروباری افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہونی چاہیے۔
گورنر نے وفاقی حکومت کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے لیے فوکل پرسن مقرر کرنے اور کاروباری اصلاحات و ڈیجیٹل نظام کے نفاذ کا عمل تیز کرنے کے لیے محکمہ آئی ٹی کے ساتھ فوری اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آسان کاروبار کے لیے قائم کمیٹی کا اجلاس جلد طلب کیا جائے تاکہ اصلاحات پر عملی پیش رفت شروع ہو سکے۔
کاروبار کے فروغ کے لیے شفاف، مؤثر اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سرکاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔


