آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں کشمیر کلچرل نائٹ سیزن 6 کا انعقاد کیا گیا جس میں آزاد کشمیر اور ہزارہ کے گلوکاروں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے روشنیوں کے شہر میں کشمیری ثقافت کے رنگ بکھیر دیئے ۔
کشمیر کی صدیوں پرانی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے کراچی آرٹس کونسل میں رنگا رنگ کشمیر کلچرل نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں روشنیوں کے شہر کراچی میں مقیم کشمیری اور ہزارہ کمیونٹی کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
کشمیر کلچرل نائٹ میں آزاد کشمیر اور ہزارہ کے نامور گلوکاروں بانو رحمت ، طارق ہزاروی ، عبدالباسط شیخ، ظہور مغل ، آیت شیخ اور دیگر نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور ہر سو کشمیر کی ثقافت کے رنگ بکھیر دیئے ۔
اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و تشدد اور بربریت کی داستان پر مبنی بنت کشمیر کے نام سے سٹیج ڈرامہ بھی پیش کیا گیا ، تقریب کے مہمان خصوصی آزاد کشمیر کے وزیر سردار جاوید ایوب تھے ۔
سردار جاوید ایوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے فنکاروں کی سرپرستی کے لیے کشمیر آرٹس کونسل کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔