کوئٹہ کے قریب پاک فوج کا مشاق تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے بعد طیارہ تباہ کے نتیجے میں طیارے میں موجود دونوں پائلٹ شہید ہو گئے، آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور طالبعلم پائلٹ کیپٹن عبدالصمد شامل ہیں ۔
کوئٹہ: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان میں کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب پاک فوج کا تربیتی طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا ۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تربیتی طیارے میں سوار دونوں پائلٹ انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور طالبعلم پائلٹ کیپٹن عبدالصمد نے جام شہادت نوش کیا ۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے کوئٹہ کے قریب پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے میں دو پائلٹس کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس کیا ہے ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئٹہ میں پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے میں میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس کیا ۔
وزیراعظم نے جاں بحق پائلٹس کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے ۔


