خیبر پختونخوا کی اپیکس کمیٹی نے صوبہ بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد کار بڑھانے اور انہیں جدید اسلحہ فراہم کرنےکا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری رہیں گے ۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، کور کمانڈر پشاور اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی شریک ہوئے ۔
اپیکس کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری: ۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے فیصلہ کن اقدامات کا عزم کیا گیا اور دہشتگردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اپیکس کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ صوبے میں امن و امان کی بہتری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئےکار لائے جائیں گے، پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد بڑھانے کیلئے جدید آلات، اسلحہ اور ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے ۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیس کو بکتر بندگاڑیاں، ضروری گاڑیاں اور مطلوبہ نفری فراہم کی جائےگی، دہشتگردی کا خاتمہ اور امن کا قیام تمام ریاستی اداروں کی مشترکہ ترجیح ہے ۔
یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی تعلیم، صحت اور معیار زندگی سے متعلق مسائل پر توجہ دی جائے گی، پسماندہ اور متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائےگی ۔
گورنر کا اجلاس سے اہم خطاب: ۔
صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ کے پی میں امن وامان کی بحالی کیلئے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں، صوبے کے لوگ امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، ہمیں اپنی تمام تر توجہ اپنے کام پر مرکوز کرنا ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا، پولیس اور سی ٹی ڈی کی ڈیمانڈ پوری کر دی گئی ہیں، ہم ڈویلپمنٹ پر قربانی دے سکتے ہیں سکیورٹی پر نہیں، دہشت گردی کے خلاف ہمارے اقدامات واضح نظر آئیں گے ۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخوا وسائل سے مالا مال ہے،صوبے میں امن ہوگا تو وسائل اور مواقع بروئے کار لائے جا سکیں گے ۔
وفاقی وزیر داخلہ کا خطاب: ۔
اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے اپنے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ وفاق اور خیبرپختونخوا حکومت ایک پیچ پر ہے، صوبے کے عوام دہشت گردی سے نجات اور امن چاہتے ہیں، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط کریں گے، خیبرپختونخوا پولیس کو درکار جدید اسلحے کی فراہمی ضروری ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلسل شہادتیں دے رہی ہے، صوبائی حکومت لیڈ کرے گی تو خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت سکیں گے، وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں امن کیلئے ہر طرح کی ذمہ داری پوری کرے گی ۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت سے بار ہا درخواست کی کہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کا حصہ بنیں، ان کا خیال تھا کہ سڑکیں بلاک کر کے صوبے میں آگ لگا دیں گے، پر امن رہنے پر عوام کو سراہتا ہوں ۔


