کے ٹو ٹی وی کی اینکر اور اداکارہ مشی خان نے سوشل میڈیا پر اپنی سرگرمیوں سے متعلق ایک اہم اعلان کیا ہے۔ مشی خان، جو سماجی مسائل پر کھل کر بات کرنے اور ہمیشہ آواز بلند کرنے کے لیے جانی جاتی ہیں، نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بتایا کہ اب وہ مزید سماجی مسائل پر ویڈیوز نہیں بنائیں گی۔
مشی خان نے کہا کہ وہ اپنی ذہنی صحت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے کچھ عرصے کے لیے سوشل میڈیا سے دور رہنے کا فیصلہ کر چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب اپنی ذاتی زندگی پر توجہ دیں گی۔
اداکارہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وہ ہمیشہ معاشرے میں ہونے والے ناانصافی اور غلط رویوں کے خلاف آواز اٹھاتی رہی ہیں، لیکن اب وہ امید کھو چکی ہیں۔ مشی خان کے مطابق، انہیں یقین ہے کہ اس ملک میں کچھ بھی بہتر نہیں ہوگا اور اسی لیے وہ اب ایسے موضوعات پر مزید ویڈیوز ریکارڈ نہیں کریں گی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بار بار تکلیف دہ واقعات دیکھنے کے باعث ان کا ذہن بوجھل اور سست ہوگیا ہے۔ اسی وجہ سے انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اب وہ صرف اپنی دماغی سکون اور ذاتی زندگی پر توجہ مرکوز کریں گی۔
دوسری جانب، مداحوں نے مشی خان کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کی ہے۔ مداحوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ آرام کریں اور اپنی صحت پر دھیان دیں۔