بھارت کے ایک وزیر تعلیم نے دعویٰ کر دیا ہے جس کے مطابق امریکا کرسٹوفر کولمبس نے دریافت نہیں کیاتھا بلکہ ہندوستانیوں نے دریافت کیا تھا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر تعلیم اندر سنگھ پرمار نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کولمبس نے نہیں دریافت کیا تھا بلکہ ”ہمارے ہندوستانی آباو اجداد“ نے امریکہ کو دریافت کیا تھا ـ
بھوپال کی برکت اللہ یونیورسٹی میں وزیر تعلیم نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے ، طلبہ کو کولمبس کے حوالے سے پڑھائی جانے والی تاریخ پر سخت اعتراض کیا، اور کہا طلبہ کو پڑھانا ہے تو انڈیا کے عظیم ہیرو واسولون کے بارے میں پڑھائیں، جس نے آٹھویں صدی میں امریکا جا کر وہاں سانتیاگو(امریکا) میں کئی مندر تعمیر کیے، یہ حقائق وہاں کے میوزیم اور لائبریری میں ابھی بھی موجود ہیں۔
انھوں نے مزید یہ کہا کہ طلبہ کو اس چیز کی تعلیم دینی چاہیئے کہ کولمبس کے دور کے بعد امریکا کے دیسی لوگوں کو کیسی اذیت دی گئی، کس طرح قبائلی سماج کو برباد کیا گیا، مذہب تبدیل کیا گیا، کیوں کہ وہ نیچر کی، سورج کی پوجا کرتا تھا، جب کہ ہمارے آبا و اجداد جب وہاں گئے تھے تو انھوں نے مقامی کلچر مایان کے ساتھ تعاون کیا تھا۔