کراچی: سہ ملکی سیریز کے ایک اہم میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے ہراکر فائنل کیلئے کولیفائی کرلیا، فائنل میں پاکستان کا مقابلہ جمعے کو نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوگا ۔
کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 353 رنز کا ریکارڈ ہدف باآسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر 49 اوور میں پورا کرکے کرکے کامیابی حاصل کی ، کپتان محمد رضوان اور سلمان آغا کی 260 رنز کی شاندار شراکت نے قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ۔
پاکستان کی جانب سے سلمان آغا 134 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان محمد رضوان 122 رنز کی ناقابلِ شکست باری کھیلی ۔ طیب طاہر 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے ،فخر زمان 41، بابر اعظم 23 اور سعود شکیل 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے ، ہینرک کلاسن 87 رنز بنا کر نمایاں رہے، میتھیو بریٹز کے 83، کپتان ٹیمبا باووما 82، ٹونی ڈی زورزی 22 اور وائن مُلڈر 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ خوشدل شاہ اور نسیم شاہ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی ،شاندار 134 رنز کی اننگز کھیل کر سلمان علی آغا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔
میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے سہ ملکی سیریز کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، جہاں جمعے کو قومی ٹیم کا مقابلہ نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوگا ۔