اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ براڈکاسٹرز سے متعلق امور پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی قانون سازی یا فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا انڈسٹری کے تحفظات دور کرنے اور تمام فریقوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات سے سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کے مالکان اور نمائندوں نے ملاقات کی، جس میں بڑی تعداد میں براڈکاسٹرز نے شرکت کی۔ ملاقات کے دوران میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل، موجودہ چیلنجز اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں خیبر نیٹ ورک کی نمائندگی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیوان حامد راجہ نے کی۔ شرکاء نے میڈیا سے متعلق مختلف امور اور براڈکاسٹرز کے تحفظات وفاقی وزیر کے سامنے رکھے۔
عطاء اللہ تارڑ نے شرکاء کے مؤقف اور مسائل سننے کے بعد یقین دلایا کہ حکومت براڈکاسٹرز سے متعلق کسی بھی قانون سازی سے قبل تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے گی اور مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ میڈیا کے شعبے میں شفافیت اور لیول پلیئنگ فیلڈ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ تمام متعلقہ اداروں اور چینلز کو برابری کے مواقع میسر آسکیں۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں میڈیا انڈسٹری کے مسائل کے حل اور حکومت و براڈکاسٹرز کے درمیان مؤثر رابطے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔


