راولپنڈی میں پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے پر پبلک اور مال بردار ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید کمی کردی گئی، ضلعی انتظامیہ کے مطابق 11 نومبر سے اب تک کرایوں میں 16 فیصد کمی کی گئی ہے ۔
راولپنڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست ریلیف عوام تک پہنچانے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید تخفیف کر دی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 11 نومبر سے اب تک پٹرول پر چلنے والی مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں مجموعی طور پر 16 فیصد کمی ہو چکی ہے ۔
ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ جنرل بس سٹینڈ پیرودھائی اور ڈی کلاس اڈوں سے چلنے والی ڈیزل گاڑیوں کے کرایوں میں دس فیصد کمی عمل میں لائی گئی ہے، اسی طرح مال بردار ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی مجموعی طور پر سولہ فیصد تک کمی کر دی گئی ہے ۔
کرایوں میں کمی کا یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر کی ہدایات پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹرانسپورٹرز کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا،انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ نئے کرایوں کے نرخ نامے تمام اڈوں پر نمایاں طور پر چسپاں کر دیے گئے ہیں، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ نرخ سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر ہیلپ لائن نمبر ایک صفر سات ایک پر شکایت درج کرائیں ۔


