خلا سے براہِ راست رابطہ، پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی وزیر اعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے گفتگو ہوئی ہے، چائنیز میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی تاریخ میں یہ ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔
اسلام آباد: پاکستان کے پہلے خلاباز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے زمین کے مدار میں موجود چینی خلائی سٹیشن ’تیانگونگ‘ سے وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے براہِ راست بات چیت کی ہے ۔
چائنا مینڈ سپیس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ تاریخی رابطہ پاکستان کے خلائی تحقیقی ادارے ’سپارکو‘ کے ہیڈ کوارٹر سے قائم کیا گیا، جہاں ملکی سیاسی اور عسکری قیادت نے خلا میں موجود اپنے پہلے نمائندے سے براہِ راست تبادلہ خیال کیا، حکام کے مطابق پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی تاریخ میں یہ ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔
واضح رہے کہ ونگ کمانڈر ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے ’شینزو 24‘ مشن کے ذریعے خلائی سٹیشن تیانگونگ پہنچے تھے۔ اس مشن میں وہ بطور ’پے لوڈ سپیشلسٹ‘ خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کے ہمراہ دو چینی خلاباز تانگ ہونگ بو اور وو یی بھی شریک ہیں ۔
خلائی قیام کے دوران پاکستانی خلاباز چینی ماہرین کے ساتھ مل کر مختلف سائنسی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ ان سرگرمیوں میں خلائی آلات اور تجرباتی نمونوں کی تنصیب، ان کی فعالیت کا مشاہدہ اور کششِ ثقل سے آزاد ماحول میں جدید سائنسی تجربات کی تکمیل شامل ہے ۔


