رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے بنگلادیش اے کو شکست دے کر فائنل میں جگہ پکی کر لی، حسن نواز میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے ۔
دوحہ: پاکستان شاہینز نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلادیش اے کو 5 وکٹوں سے زیر کر کے ٹائٹل کی فیصلہ کن معرکے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے ۔
اس اہم مقابلے میں بنگلادیش اے نے پاکستان شاہینز کو جیت کے لیے 233 رنز کا ہدف دیا، جسے گرین شرٹس کے نوجوان بلے بازوں نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے 46 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے شاندار فتح سمیٹی ۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز کی بیٹنگ لائن نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا، ٹاپ آرڈر میں حسن نواز نے 62 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ شاہ زیب خان نے 50 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا ۔
کپتان عبدالصمد نے بھی 44 رنز کا قیمتی حصہ ڈالا، تاہم میچ کے فیصلہ کن لمحات میں فرحان یوسف 46 رنز کے ساتھ کریز پر ڈٹے رہے اور ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ٹیم کو فتح کی منزل تک پہنچا دیا ۔
میچ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے پر حسن نواز کو پلیئر آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا، ایونٹ کا فائنل معرکہ اتوار کے روز کھیلا جائے گا، جہاں چیمپئن شپ جیتنے کے لیے پاکستان شاہینز کا مقابلہ سری لنکا اے سے ہوگا ۔


