لیبیا کے سمندری حدود میں پاکستانی تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے متعلق زیرِ گردش اطلاعات کی تاحال کسی غیر جانبدار ذریعے سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے،دفتر خارجہ کے مطابق اصل صورتحال سے پردہ اٹھانے کے لیے طرابلس میں پاکستانی سفارت خانہ مقامی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہے ۔
اسلام آباد: ذرائع ابلاغ میں آنے والی خبروں پر مؤقف دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے بتایا کہ پاکستانی حکومت نے اس مبینہ واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے، انہوں نے دعا کی کہ یہ افسوسناک خبریں بے بنیاد نکلیں اور کسی بھی قیمتی جان کا زیاں نہ ہوا ہو ۔
ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ طرابلس کا پاکستانی سفارتی مشن اس امر کا تعین کرنے کے لیے کوشاں ہے کہ آیا حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں پاکستانی باشندے موجود تھے یا نہیں، مستند تفصیلات کے حصول کی خاطر لیبیائی حکام کے ساتھ ساتھ عالمی ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) اور دیگر متعلقہ فورمز سے بھی قریبی اشتراک کیا جا رہا ہے ۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جوں ہی اس حوالے سے کوئی حتمی اور ٹھوس شواہد سامنے آئیں گے، تفصیلات بلا تاخیر عوام کے سامنے رکھ دی جائیں گی ۔


