بیجنگ: پاکستان اور چین کے درمیان سنہ 2035 تک سالانہ برآمدات 100 ارب امریکی ڈالر سے بڑھانے کے لیے مشترکہ تحقیق پر تبادلۂ خیال کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چین کی ریاستی کونسل کے ترقیاتی تحقیقی مرکز (ڈی آر سی) کے صدر لو ہاؤ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں چین کے ترقیاتی تحقیقی مرکز (ڈی آر سی) اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) کے مشترکہ تحقیقی منصوبے پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی معاشی خودمختاری کا راستہ برآمدات سے گزرتا ہے اور درآمدی اخراجات میں زرمبادلہ کی آمدن سے زیادہ تیز اضافہ ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برآمدات اڑان پاکستان کے پانچ ستونوں میں پہلا ستون ہیں، اور ہم چین کے تعاون سے پاکستانی صنعت کاروں اور کاشت کاروں کی عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانا چاہتے ہیں۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ مشترکہ تحقیق کو پاکستانی برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے عملی حل اور عالمی منڈیوں میں نئے مواقع کی نشاندہی کرنی چاہیے۔
بین الاقوامی خریداروں کا اعتماد اور مسلسل برآمدی آرڈرز روزگار کے مواقع اور زرمبادلہ کی آمدن میں اضافے کا ذریعہ ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے لو ہاؤ کی علمی بصیرت اور پاکستان کے لیے خلوص پر اظہارِ تحسین کرتے ہوئے انہیں پاکستان کا سچا دوست قرار دیا۔


