وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند صوبائی کابینہ کا حصہ بننے کے بعد پہلی مرتبہ اپنے آبائی ضلع بٹگرام پہنچے، جہاں پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی عہدیداروں، بلدیاتی نمائندوں اور کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر ایک بڑے عوامی اجتماع کا انعقاد بھی کیا گیا ۔
بٹگرام ( امان اللہ امجد) تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تاج محمد ترند نے کہا کہ تحصیل بٹگرام میں بہت جلد کھیلوں کے فروغ کے لیے سپورٹس گراؤنڈ قائم کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کی ہر تحصیل میں کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر بانی چیئرمین کی دیرینہ خواہش تھی، جسے موجودہ صوبائی حکومت عملی طور پر پورا کر رہی ہے ۔
مشیر وزیراعلیٰ نے مخالفین کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ منفی پروپیگنڈے کے ذریعے عوام اور ترند گروپ کے درمیان دوریاں پیدا نہیں کی جا سکتیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست کا محور ہمیشہ عوامی خدمت رہا ہے، اصلاح کے لیے کی گئی تنقید کا خیرمقدم کرتے ہیں، لیکن تنقید برائے تنقید کا بھرپور جواب دیا جائے گا ۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے انہیں کابینہ میں شامل کرکے بٹگرام کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا ہے، وفاقی حکومت کے عدم تعاون اور این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کا جائز حصہ نہ ملنے کے باعث متعدد منصوبے متاثر ہوئے، تاہم صوبائی حکومت عوامی فلاح کے کاموں کو جاری رکھنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے ۔
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹگرام کی اپگریڈیشن سے متعلق سوال کے جواب میں تاج محمد ترند نے کہا کہ مالی بحران کے باعث کچھ تاخیر ضرور ہوئی، تاہم رواں سال ہسپتال کی اَپ گریڈیشن مکمل کر لی جائے گی ۔


