زندگی کی دوڑ میں چلتے چلتے ہم اتنا آگے پہنچ چکے ہیں کہ اپنے قدموں کی رفتار کو آہستہ کرنا ہمارے لیے مشقت کا باعث اور ناممکن لگتا ہے۔ اس جدید ٹیکنالوجی کے دور میں ہمارا لوگوں سے تعلق بحال کرنے والی واحد چیز یہ کمبخت موبائل فون ہے جو ہمارے لیے اتنا ہی اہم ہے جیسے تین وقت کی روٹی۔
ہمیں یہ خوف شدید بے چینی کی کیفیت میں مبتلا رکھتا ہے کہ اگر موبائل کی بتی بجھی تو گھڑی کی سوئیاں بھی ٹک ٹک کرنا چھوڑ دیں گی۔ خدانخواستہ اگر اس آفت کی چارجنگ ختم ہو جائے تو ہماری حالت اس قیدی کی مانند ہوجاتی ہے جس کو موت کا پھندا ڈلنے کا خدشہ لاحق ہو۔ بحرحال اسکی افادیت سے تو کوئی بھی انکاری نہیں لیکن اس کے منفی استمعال سے مرتب ہونے والا سب سے بڑا خطرہ اسکی غیر ضروری عادت ہے۔ ہائے یہ عادت بھی کیا شے ہے چاہے کسی انسان کی ہو یا کسی چیز کی ہمیشہ ذلیل ہی کیا کرتی ہے۔ بلاشبہ میری حسبِ معمول ادھر اُدھر نکل جانے کی عادت مجھے ایک دن لے ڈوبے گی۔
خیر موبائل کے بلاوجہ استمعال کے بارے میں ہمیں معلوم ہوگا کہ اس کی بدولت انسان آس پاس کی قدرتی نعمتوں کو سراہنا فراموش کر دیتا ہے۔ اس سے متعلق میرے پاس کہنے کو کچھ منفرد نہیں کیونکہ اس سے زیادہ سچائی کا ذخیرہ میرے پاس موجود نہیں۔ البتہ اس عادت کو کم کرنے کے کچھ طریقے ہیں جو قبل از وقت میں آزما چکی ہوں جو میرے لئے کچھ خاص کارآمد ثابت نہیں ہوۓ۔ لہذا آپکا مزید وقت برباد کرنے اور بیزار کرنے کے لیے بتاتی جاتی ہوں۔
کچھ عرصہ پہلے کا ذکر ہے کہ جوش میں آکر میں نےایک دن اچانک موبائل کا استمعال چھوڑ دیا۔ نتیجتاً میں نے اگلے دس دن کے بعد موبائل کی سکرین کو یوں دیدے پھاڑ کے دیکھا جیسے کسی بزرگ کے ہاتھ میں پہلی مرتبہ موبائل تھما دیا گیا ہو۔لہٰذا وقتاً فوقتاً اس کے استمعال کی مُدت کو گھٹانا ہے۔
دوسرا اہم کام جو سر انجام دینا ہے وہ یہ کہ موبائل کو نگاہوں سے دور کسی کونے کھدرے میں رکھ کر اپنی سوچ کو اُس کے پاس نہیں چھوڑنا بلکہ دوسرے کاموں میں مصروف رکھنا ہے۔
اور تیسرا کام یہ کہ دوستوں اور سوشل میڈیا پر اپنے موبائل سے قطع تعلقی کا ڈنڈورا نہیں پیٹنا۔ اکثر لوگ ایک لمبا پیراگراف لکھ کر یہ ظاہر کرتے ہیں کہ وہ کچھ عرصہ اپنی زندگی پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ نتیجتاً دوسرے دن ہی واپس آنے پر میری طرح وہ کسی سے میم شیئر کرنے کے قابل بھی نہیں رہتے۔ لہذا اپنے حالات کا تفصیلی جائزہ لے کر خدارا اپنے اوپر رحم کریں اور اس بتی کو صرف ضرورت کے تحت جلنے کا موقع دیں۔