وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول پر ریلیف نہ دینے والے پمپس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ ملک میں فیول سبسڈی پروگرام انتہائی کامیابی اور شفافیت سے جاری ہے، جس سے اب تک ڈیڑھ کروڑ افراد مستفید ہو چکے ہیں اور اس مد میں 28 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں ۔
اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ کچھ پیٹرول پمپس سے عوام کو ریلیف نہ دینے کی شکایات ملی ہیں، وزیرپیٹرولیم ان پمپوں کے خلاف کارروائی کریں تاکہ انہیں چھٹی کا دودھ یاد آجائے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوامی ریلیف کے لیے فیول سبسڈی اسکیم شروع کی گئی، جس سے ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد براہ راست استفادہ کر چکے ہیں، سکیم کے لیے 28 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں اور یہ پروگرام دسمبر کے آخر تک جاری رہے گا، پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر اضافے کا بوجھ بھی عوام پر نہیں ڈالا گیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ ایل پی جی مافیا کا دور ختم ہوچکا، ہم ایل پی جی امپورٹ کرکے عوام کو ریلیف دیں گے،خیبر پختونخوا میں پہلی، دوسری اور تیسری ترجیح سکیورٹی ہے، گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے پیکج کو حتمی شکل دیدی ہے ۔


