پاکستان نے رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد نیپال کو 96 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مرحلے میں قدم رکھ دیا، گرین شرٹس کی جانب سے دیے گئے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپالی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم اٹھارویں اوور میں صرف 72 رنز پر سمٹ گئی ۔
دوحہ میں منعقدہ اس میچ میں پاکستان نے ٹاس کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 42 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے، قومی ٹیم کی اننگز کو سہارا دینے میں وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر کا کلیدی کردار رہا، جنہوں نے عمدہ مزاحمت دکھاتے ہوئے 64 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں حسن نواز 28 اور احمد دانیال 16 رنز بنا کر نمایاں اسکورر رہے ۔
نیپال کی طرف سے راشد خان نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے پانچ بیٹرز کو آؤٹ کیا، جبکہ ابھیشیک گوتم نے دو، اور سندیپ لامیچانے اور کوشل بھرٹیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین واپس بھیجا ۔
جوابی اننگز میں 169 رنز کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے نیپال اے کی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے بالکل بے بس دکھائی دی اور 17.3 اوورز میں محض 72 رنز پر ڈھیر ہو گئی، پاکستان کی جانب سے محمد حسنین اور سفیان مقیم نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے تین، تین کھلاڑیوں کا شکار کیا، جبکہ محمد عمران کے حصے میں دو وکٹیں آئیں،میچ وننگ 64 رنز کی اننگز کھیلنے پر روحیل نذیر کو پلیئر آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا ۔
اس شاندار کامیابی کے بعد پاکستان نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، شیڈول کے مطابق ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 26 نومبر کو بھارت اور سری لنکا کے مابین ہوگا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ 27 نومبر کو بنگلہ دیش سے ہوگا ۔


