وفاقی حکومت نے شہریوں کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے مسلسل دوسرے روز بھی پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ کم کرنے کا اعلان کردیا، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔
اسلام آباد: آئیل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حکومت کے منظور شدہ فارمولے کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں یہ تازہ کمی کی گئی ہے ۔
نئے نرخوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد فی لیٹر پیٹرول 319 روپے سے کم ہو کر 318 روپے کا ہو گیا ہے، گزشتہ روز بھی پیٹرول کی قیمت میں کمی کر کے اسے 319 روپے کی سطح پر لایا گیا تھا ۔
اوگرا کے اعلامیے کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 4 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کا نیا نرخ 353 روپے فی لیٹر مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ روز ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی ۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی ان نئی قیمتوں کا اطلاق 25 نومبر 2026 سے نافذ العمل ہوگا ۔


