وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے اعلان کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں نافذ گورنر راج کی مدت بڑھائی جائے گی اور اس معاملے میں پاکستان پیپلزپارٹی بھی حکومت کے ساتھ متفق ہے ۔
ایک نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ 11 دسمبر سے قبل پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے گا، جس میں صوبے کے گورنر راج میں توسیع کی منظوری کا معاملہ زیرِ غور آئے گا۔ ان کے مطابق پیپلزپارٹی اس فیصلے پر مکمل طور پر اعتماد میں ہے ۔
وفاقی وزیر نے مزید وضاحت کی کہ گورنر راج کی آئینی مدت تو چھ ماہ میں ختم ہو جائے گی، تاہم صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ایمرجنسی کا نفاذ برقرار رکھا جائے گا ۔
دوسری جانب اسی پروگرام میں موجود پیپلزپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے اس معاملے پر محتاط مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ آئین سے ہٹ کر یا دباؤ کے تحت کوئی بھی فیصلہ قابلِ قبول نہیں ہو سکتا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کو ابھی تک باضابطہ طور پر اس معاملے پر مشاورت یا شمولیت کی دعوت نہیں دی گئی، اور ان کی جماعت مناسب وقت آنے پر اپنا واضح مؤقف اور حکمتِ عملی سامنے لائے گی ۔


