وزیراعظم شہباز شریف نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر 7 روزہ قومی پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا، پولیو مہم 21 سے 27 اپریل تک جاری رہے گی ۔
اسلام آباد: پولیو مہم کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کیا ۔
انہوں نے کہا کہ مربوط حکمت عملی اورمشترکہ کاوشوں سے پولیو کا خاتمہ کرنا ہے، 21 تا 27 اپریل جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ورکرز کی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سےکم عمر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، انسداد پولیو مہم کامیاب بنانے کے لیے والدین تعاون کریں، معاشرے کے تمام طبقات پولیو موذی وائرس کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پولیو جیسا موذی مرض صرف بچوں کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے معاشرے کے لیے خطرے کا باعث ہے اور اس کا خاتمہ صرف حکومتی کوششوں سے ممکن نہیں بلکہ والدین، اساتذہ، علمائے کرام، میڈیا، سول سوسائٹی اور ہر شہری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے ایک جامع اور مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس کے تحت نہ صرف گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں بلکہ پولیو ورکرز کی حفاظت کے لیے بھی خصوصی سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی قومی ذمہ داریاں انجام دے سکیں ۔
وزیراعظم نے انسداد پولیو کے لیے خدمات انجام دینے والے تمام فیلڈ ورکرز، رضاکاروں اور محکمہ صحت کے عملے کو خراج تحسین پیش کیا جن کی شبانہ روز محنت کی بدولت پاکستان میں پولیو کے کیسز میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔