پشاور (شوبز ڈیسک) نامور شاعر اور ڈرامہ نگار پروفیسر ڈاکٹر نذیر تبسم حرکت قلب کے باعث انتقال کر گئے۔ وہ پشاور یونیورسٹی کے اردو ڈیپارٹمنٹ کے سابق چیئرمین بھی رہے اور ادب و ثقافت میں نمایاں خدمات سرانجام دیتے رہے۔
گزشتہ شب پروفیسر نذیر تبسم نے ایک مشاعرے میں شرکت کی، جہاں اہلِ ادب کے ساتھ ان کی ملاقات اور گفتگو ہوئی۔ تاہم رات گئے جب وہ اپنے گھر واپس پہنچے تو انہیں دل کا دورہ پڑا اور وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
ان کا جنازہ اتوار کی صبح گیارہ بجے پشاور کے علاقے رشید ٹاؤن سے اٹھایا گیا۔ اس موقع پر ادبی، سماجی اور ثقافتی شخصیات بڑی تعداد میں شریک ہوئیں اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ نذیر تبسم کی وفات کو اہلِ ادب نے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔