لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر تیسری بار پاکستان سپر لیگ کی فاتح بن گئی،فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ کو 6 وکٹو سے ہراکر ترافی اپنے نام کرلی،کوئٹہ کے 202 رنز کا ہدف لاہور نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر پورا کرکے کامیابی سمیٹی ۔
میچ میں ایک اننگز کے وقفے کے دوران قذافی سٹیڈیم میں آپریشن بنیان مرصوص میں پاک بحریہ کی پاکستانی پانیوں کی حفاظت اور سمندری دفاع میں اپنی برتری ثابت کرنے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔
معروف گلوکاروں نے ملی نغموں سے شائقین کا لہو گرمایا، گلوکار ابراراحمد نے اپنے مشہور گیتوں سے شائقین سے خوب داد وصول کی جب کہ گلوکار رضوان مرزا، حسین علی پراچا اور ندیم عباس لونے والا نے ملی نغمہ گاکر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا ۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پاکستان سپرلیگ سیزن 10 کے فائنل میں گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے، محمد نواز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 76 رنز بنائے ،اویشکا فرنینڈو 29،فہیم اشرف 28 جبکہ رئیلی روسو 22 رنز بناکر نمایاں بیٹرز رہے ۔
لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 3، سلمان مرزا، حارث رؤف نے 2،2 ،سکندر رضا اور راشد حسین نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 202 رنز ہدف کے تعاقب میں قلندرز نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر پورا کرکے ٹرافی اپنے نام کرلی، قلندرز کی جانب سے کوسال پریرا شاندار62 جبکہ سکندر رضا نے جارحانہ 22 رنز بناکر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ۔
لاہور کے دیگر بلے بازوں میں فخر زمان 11، محمد نعیم 46،عبداللہ شفیق 41 اور بھنوکہ راجہ پاکسے 14 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر، فہیم اشرف، ابرار اور عثمان طارق نے ایک، ایک وکٹ لی ،فائنل میں شاندار بیٹنگ پر کوسال پریرا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ،جبکہ ٹورنامنٹ میں 399رنز بنانے پر کوئٹہ کے حسن نواز کو بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ۔