مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے ہونے والا خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اراکین کی حلف برداری کے بغیر ہی ملتوی ہوگیا،اجلاس دو گھنٹے سے زائد وقت کی تاخیر سے شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی ملتوی کر دیا گیا ۔
پشاور: سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت اجلاس شروع ہوتے ہی اپویشن اراکین کی جانب سے شور شرابا کیا گیا جبکہ خواتین اراکین اسمبلی کی جانب سے بھی احتجاج کیا گیا ۔
اپوزیشن لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ نے کہا کہ ایسا کب تک چلے گا، ایک سال سے زائد عرصہ ہو گیا ہے لیکن اراکین سے حلف نہیں لیا جا رہا ۔
ڈاکٹر عباد نے مخصوص نشستوں پر ارکان کی حلف برداری نہ ہونے پر عدالت عالیہ سے رجوع کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کو درخواست دیں گے کہ وہ خود ارکان سے حلف لیں یا کسی کو نامزد کردیں ۔
اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان 6 /5 کا فارمولا برقرار ہے ۔
اجلاس شروع ہوتے ہی پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی شیر علی آفریدی کی جانب سے ایوان میں کورم کی نشاندہی کر دی گئی جس پر اسمبلی اراکین کو ایوان میں آنے کے لیے گھنٹیاں بجانا شروع کر دی گئیں ۔
گھنٹیاں بجنے کے باوجود حکومتی اراکین ایوان میں نہ پہنچے جس پر سپیکر کے پی اسمبلی اجلاس چھوڑ کر چلے گئے اور اسمبلی کا اجلاس 24 جولائی تک ملتوی کر دیا گیا ۔