ایبٹ آباد پولیس لائنز میں ہزارہ ریجن کے پولیس افسران و جوانان کے ایک دربار سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی پولیس بہت دلیر اور نڈر پولیس فورس ہے جسکے سرفروش جوانوں نے پہلے بھی وسائل اور جدید ہتھیاروں کی کمی کے باوجود دہشت گردوں کا ڈٹ کر نہ صرف مقابلہ کیا بلکہ انہیں بری طرح شکست دی ۔
ذوالفقار حمید نے جوانوں پر زور دیا کہ وہ شرپسندوں کے اوچھے ہتکھنڈوں سے ہوشیار رہیں اور انہیں ایک بار پھر ذلت آمیز شکست سے دو چار کریں ۔
آئی جی پی نے کہا کہ صوبے کو امن کا گہوارہ بنانا میرا مشن ہے اورفورس کے جوانوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف عوام کا اعتماد حاصل کریں اور عوامی پولیسنگ کو فروغ دیکر ڈیوٹی ادا کریں ۔
ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ پولیس کی ڈیوٹی عبادت کا درجہ رکھتی ہے، جوان عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے فرائض سرانجام دیں، سخت محنت اور ایمانداری کو اپنا شعار بنائیں، اللہ تعالیٰ انہیں قدم قدم پر کامیابی و کامرانی عطا کرے گا ۔
آئی جی پی نے کہا کہ پولیس فورس کی استعدادی صلاحیتیں بڑھانے اور حالات کار بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔
دربار میں پولیس افسران و جوانان نے اپنے ذاتی و اجتماعی مسائل پیش کئے، آئی جی پی نے تمام مسائل توجہ سے سنے جن میں سے بعض کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کئے جبکہ باقی مسائل پر متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کی ۔
بعد ازاں ذوالفقار حمید نے ریجنل پولیس آفس میں ہزارہ ریجن کے افسران کے اجلاس کی صدارت بھی کی، اس موقع پولیس افسران کی جانب سے آئی جی کو علاقے کی سیاسی، سماجی صورتحال اور کرائمز کے بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔