آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 14 نومبر کو بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔
پاک فوج کے شعبہ اطلاعات کے مطابق اطلاع پرفوری طور پر میجر محمد حسیب کی قیادت میں علاقے کو کلئیر کرنے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کو روانہ کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسزنے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سے متعلق بتایا گیا کہ کارروائی کے دوران ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد سیکیورٹی فورسز کی اگلی گاڑی پر پھٹ گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں فرنٹ لائن پر اپنی ٹیم کی قیادت کرنے والے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر اپنی جان قربان کر دی اور شہادت کا رتبہ پایا۔
دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے 28 سالہ میجر محمد حسیب کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے، جنہوں نے 8 سال6 ماہ تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میجر محمد حسیب شہید کے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی شامل ہیں۔
شہید 38 سالہ حوالدار نور احمد کا تعلق بلوچستان کے ضلع بارکھان سے ہے اور انہوں نے 14 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدارنور احمد شہید کے سوگواران میں اہلیہ، 3بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے عزم پر قائم ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔