تربیلا غازی (کریم خان ) وفاقی محتسب ریجنل آفس ایبٹ آباد کی تحصیل غازی میں پہلی کھلی کچہری،عوام نے مسائل کے انبار لگا دیئے،سب سے زیادہ شکایات پیسکو ، پبلک ہیلتھ اور واپڈا کے خلاف کی گئیں، عوامی و سماجی حلقوں کا وفاقی محتسب کی جانب سے کھلی کچہری کے انعقاد کا خیر مقدم۔
گزشتہ روز تحصیل چیئرمین غازی اور ٹی ایم اے غازی کے اشتراک سے ہونے والی کھلی کچہری میں وی سی این سی چئیرمین، تاجر و وکلاء حضرات اور میڈیا نمائندگان سمیت عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی، وفاقی محتسب کے علاقائی ہیڈ عبدالغفور بیگ اور ڈپٹی ایڈوائزر خالد سعید نے عوام کے مسائل سنے اور ضروری قانونی کارروائی کے بعد ان کے حل کی یقین دہانی کرائی، اس موقع پر سائلین سے تحریری درخواستیں بھی لی گئیں، کھلی کچہری میں تحصیل چیئرمین غازی صاحبزادہ سید قاسم شاہ ، اسسٹنٹ کمشنر غازی فضہ محسن، ایس ڈی پی او طاہر قریشی اور ٹی ایم او پیر اعظم شاہ سمیت تمام وفاقی اور صوبائی افسران نے شرکت کی، چئیرمین وی سی کوٹیڑہ خان نواز خان ، چئیرمین گلی خانزادہ حیات خان، چیئرمین بیٹ قاری نور حسین، چیئرمین گھاڑہ ہملٹ ریاست الرحمن، این سی چئیرمین خالو گل ظہیر میر سمیت عوام کی اکثریت نے پیسکو، پبلک ہیلتھ اور واپڈا کے خلاف شکایات کے انبار لگا دئیے، ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب عبدالغفور بیگ اور ڈپٹی ایڈوائزر خالد سعید نے لوگوں کے مسائل توجہ سے سنے، اور جہاں ضروری سمجھا تحریری درخواستیں وصول کیں، عوامی و سماجی حلقوں نے وفاقی محتسب کی جانب سے کھلی کچہری کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا ۔