پشاور (شوبز ڈیسک) طنز و مزاح پر مبنی کےٹو ٹیلیویژن کا دلچسپ اور بامعنی شو ’’شگوفہ‘‘ ناظرین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ معروف ورسٹائل فنکار قاضی عارف محمود اپنی شاندار اور یادگار پرفارمنس کے ذریعے ایک بار پھر لاکھوں مداحوں کے دل جیتنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ وہ اس سے قبل خیبر انٹرٹینمنٹ، خیبر نیوز اور کےٹو ٹیلیویژن پر اپنی غیر معمولی اداکاری کے ذریعے کئی بار شائقین کی توجہ حاصل کر چکے ہیں۔
رواں سہ ماہی میں ان کی لاجواب کارکردگی شو شگوفہ میں دیکھنے کو مل رہی ہے۔ قاضی عارف محمود مختلف اسٹاک کرداروں کو منفرد انداز میں نبھا رہے ہیں اور بروقت فی البدیہہ مکالمے سے پروگرام کو مزید پراثر بنا رہے ہیں۔ خاص طور پر استاد سستے علی خان کے کردار میں انہوں نے کلاسیکل اور جدید گلوکاروں کے درمیان نمایاں فرق کو اجاگر کیا ہے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے موجودہ دور میں فن کے قدردانوں کے ذوق اور رویوں پر بھی طنزیہ مگر اصلاحی تنقید کی ہے۔
شو میں قاضی عارف محمود نے اس اہم اور حساس موضوع کو بھی اجاگر کیا ہے کہ کس طرح بعض انسانی اسمگلرز ثقافتی وفود میں نام نہاد افراد کو شامل کر کے بیرون ملک لے جاتے ہیں۔ یہ عناصر نہ صرف ثقافت کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ ملک و قوم کی بدنامی کا باعث بھی بنتے ہیں۔ شگوفہ کے ذریعے یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ فنون لطیفہ کو محض تفریح تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ اسے مثبت سماجی تبدیلی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔