بلتسان میں ایک مرتبہ پھر لوگوں کے ساتھ فراڈ ہو گیا، نجی انشورنس کمپنی کا منیجر لوگوں کے 8 کروڑ روپے ہڑپ کر رفو چکر ہو گیا۔
بلتستان کے ضلع کھرمنگ کے علاقے مہدی آباد سے تعلق رکھنے والا منظور نامی نوجوان اہلیان بلتستان کے 8 کروڑ روپے کی رقم لیکر غائب ہوگیا، منظور حسین ایک نجی انشورنس کمپنی(ای ایف یو) اور لوکل گورنمنٹ کا ملازم ہے۔
منظور حسین نے لوگوں کو کروڑوں روپے منافع کا جھانسہ دیکر پیسے حاصل کئے، تاہم لوگوں کو ان کی دی گئی رقوم منافع ملا نہ ہی ان کی اصل رقوم واپس ملی، لوگوں نے منظور حسین کیخلاف تھانے میں درخواست دی مگر تب تک وہ فرار ہو چکا تھا۔ منظور نامی جوان کا لاہور میں موجود فراڈیہ گروہ سے رابطوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق منظور کی جانب سے علاقے کے لوگوں کو دئیے گئے چیکس بھی باﺅنس ہوگئے جس کے باعث متاثرین کی پریشانی میں مذید اضافہ ہوگیا ہے۔
متاثرین نے منظور نامی شخص کو جلد سے جلد گرفتار کر کے ان کی رقوم واپس کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح ریے کہ اس سے قبل بگ بورڈ اور شینل کمپنی نامی مالیاتی اداروں میں بلتستان کے سینکڑوں لوگوں کے کروڑوں روپے ڈوب چکے، بھوسہ اور آلو کے کاروبار سے منسلک غیر مقامی بیوپاری بھی بلتستان کے لوگوں کے کروڑوں روپے لیکر رفو چکر ہوچکے ہیں۔