اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کے زیر صدارت دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرین کے مطالبات سے متعلق ایک اہم اجلاس وزارت امورکشمیر میں منعقد ہوا ۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مصدق حسین ملک، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی، سیکرٹری امور کشمیر گلگت بلتستان و سیفران ظفر حسن، سیکرٹری آبی وسائل، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ متاثرین دیامر بھاشا ڈیم کے جائز مطالبات کو حل کرنا مرکزی حکومت کی ترجیج ہے ۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق اُن کے معاوضہ جات، واٹر اینڈ سينیٹیشن سکیم چلاس،سکولز اور دیگر منصوبوں پر کام تیزی سےجاری ہے ۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ احتجاج کرنے والے نمائندوں سے ملاقات کے لیے تیار ہیں وفاقی وزیر مصدق حسین ملک نے بھی واپڈا کی جانب سے ہر ممکن جائز مطالبہ کو حل کرانے کی یقین دہانی کرادی ہے ۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعلیٰ جی بی اور متاثرین کے مطالبے پر جلد چلاس کا دورہ بھی کروں گا اور متاثرین سے ملوں بھی گا ۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وفاقی وزیر اُمور کشمیر وگلگت بلتستان کو خود چلاس آنے کی دعوت دی کہ وہ متاثرین سے خود ملاقات کریں ۔