ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے فیصلہ کن معرکے میں سری لنکا اے نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد پاکستان شاہینز کو ایک وکٹ سے ہرا کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی، سری لنکن بیٹرز نے 217 رنز کا ہدف 42 ویں اوور میں آخری وکٹ کی شراکت کے سہارے حاصل کیا، جس میں نشان مدوشنکا کی 87 رنز کی جاندار اننگز نے کلیدی کردار ادا کیا ۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز اسکور کیے، پاکستان کی جانب سے شاہ زیب خان نے 4 چھکوں کی مدد سے 60 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ شامل حسین 40 اور کپتان عبدالصمد 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سری لنکا کے باؤلرز میں رویندو فرنینڈو اور گروکا سنکیت نے 3، 3 جبکہ نیپون دھننجایا نے 2 وکٹیں حاصل کیں ۔
جواب میں 217 رنز کے تعاقب کے دوران سری لنکا اے کی ٹیم بھی شدید دباؤ میں آ گئی اور 198 کے مجموعی سکور پر اس کے 9 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے تاہم آخری وکٹ کی شراکت نے ہمت نہ ہاری اور 42 ویں اوور میں ہدف پورا کر کے ایونٹ کی ٹرافی جیت لی ۔
نشان مدوشنکا نے 87 رنز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ پر فائنل کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا، جبکہ سری لنکا کے لاستھ کروسپولے کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، پاکستان کی باؤلنگ لائن میں علی رضا نے 3 اور سفیان مقیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ حسن نواز، معاذ صداقت اور احمد دانیال کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی ۔


