پشاور(شوبز ڈیسک) سینئر اداکار عرفان کھوسٹ نے ایک نجی چینل کے مزاحیہ شو میں گفتگو کرتے ہوئے اپنی زندگی کے دلچسپ اور کٹھن تجربات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی خودداری کو قائم رکھنے کے لیے انہوں نے ایک دور میں حلیم بھی بیچی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہرت اور مقبولیت انہیں راتوں رات نہیں ملی بلکہ انہوں نے ٹی وی، فلم اور اسٹیج پر اپنی جگہ بنانے کے لیے برسوں تک سخت محنت کی۔
اندھیرا اجالا میں حوالدار کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کرنے والے عرفان کھوسٹ نے کہا کہ وہ پچاس برس سے فن اور ثقافت کے میدان سے وابستہ ہیں اور اس عرصے میں جو بھی کام کیا وہ پوری جانفشانی اور لگن سے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہنہ مشق پروڈیوسرز کے ساتھ کام کیا، ان سے بہت کچھ سیکھا اور ہمیشہ محنت اور ہمت کے بل پر آگے بڑھتے رہے۔
عرفان کھوسٹ نے مزید بتایا کہ آج بھی ان کے جونیئر فنکار ان سے احترام اور ادب کے ساتھ پیش آتے ہیں، جو ان کے لیے سب سے بڑی کامیابی ہے۔