تھائی لینڈ کے ایک کسان نے انسانوں کی زندگی کے تحفظ کے لئے اپنے 100 سے زائد مگرمچھوں کو مار ڈالا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق شمالی تھائی لینڈ کے ٹاؤن لامفن میں مگرمچھوں کے فارم کے مالک اور 37 سالہ نتھپاک خمکد کے مطابق تالاب کے اطراف کی دیوار ٹوٹنے کی وجہ سے مگرمچھوں کے آبادی میں داخل ہونے کا خطرہ لاحق تھا۔
کسان کے مطابق اس خطرے کے پیش نظر اس نے اپنے مگرمچھوں کے لئے نیا گھر تلاش کرنا شروع کردیا لیکن ان کے پاس اپنے مگرمچھوں کو پکڑنے یا ان کو کسی بھی دوسرے مقام پر منتقل کرنے کا کوئی بھی بہتر انتظام نہیں تھا۔
کسان کے مطابق ان کے پاس موجود مگرمچھوں میں سے کچھ مگرمچھ 4 میٹر (13 فٹ) تک کے لمبے تھے لیکن کسان نے انسانی آبادی کو خطرے سے بچانے کیلئے اپنے 125 کے قریب مگرمچھوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
کسان کے مطابق ان مگرمچھوں کو مارنے کا فیصلہ بہت ہی مشکل تھا کیوں کہ اگر دیوار گرجاتی تو لوگوں کی زندگیوں کا نقصان سب سے بڑا ہوتا جس کو ہم کنٹرول نہیں کرسکتے تھے۔