کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے پیر کے روز تھائی فاریسٹ سکول دھمتور ایبٹ آباد میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ یہ مہم محکمہ جنگلات گلیات فاریسٹ ڈویژن کی نگرانی میں شروع کی گئی۔
کمشنر ظہیر الاسلام نے اس بات پر زور دیا کہ صاف ستھرے اور مستحکم ماحول کو برقرار رکھنے، آئندہ نسلوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے درخت لگانا ضروری ہے۔ انہوں نے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ کم از کم ایک درخت لگا کر جاری فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
تقریب کے دوران کمشنر نے طلباء اور زمینداروں میں پودے تقسیم کیے، لگائے گئے پودوں کی پرورش اور دیکھ بھال کی اہمیت پر زور دیا۔ ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر (ڈی ایف او) گلیات فاریسٹ ڈویژن شہریار خان نے شجر کاری مہم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ضلع ایبٹ آباد میں تین لاکھ ساٹھ ہزار مختلف اقسام کے پودے لگانے کے منصوبے کا انکشاف کیا۔