پاکستان نے افغانستان میں حالیہ تباہ کن زلزلےکے متاثرین کیلئے 105 ٹن امدادی سامان بھیج دیا، سامان میں راشن بیگز، خیمے، کمبل، چٹائیاں اور ادویات شامل ہیں ۔
اسلام آباد: افغانستان سامان روانگی کی تقریب اسلام آباد میں این ڈی ایم اے کے ویئر ہاؤس میں ہوئی جس میں وفاقی وزیرکھیل داس کوہستانی، این ڈی ایم اے اور وزارت خارجہ کےافسران شریک ہوئے ۔
وزیرِاعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے افغانستان میں حالیہ تباہ کن زلزلے کے متاثرین کیلئے 105 ٹن امدادی سامان بھجوا رہا ہے ۔
این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی سامان میں راشن بیگز، خیمے، کمبل، چٹائیاں اور ادویات شامل ہیں، امدادی سامان 40 فٹ کنٹینر والے 5 ٹرکوں کے ذریعے طورخم بارڈر کے راستے افغانستان بھجوایا گیا ۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے افغان وزیرخارجہ امیرمتقی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، اس موقع پر افغانستان میں زلزلے اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی ۔
افغان وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں برادر افغان عوام کےساتھ کھڑا ہے ۔