ہری پور: حالیہ مون سون کی بارشوں کے باعث تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ترجمان تربیلا ڈیم کے مطابق پانی کی سطح ڈیڈ لیول سے 102 فٹ بلند ہو چکی ہے۔
ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح 1504.65 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ پانی کی آمد 2 لاکھ 94 ہزار کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہے۔
ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم کے 17 پیداواری یونٹس کام کر رہے ہیں، جن سے مجموعی طور پر 3131 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ ان یونٹس کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4888 میگاواٹ ہے۔
تربیلا ڈیم کا ڈیڈ لیول 1402 فٹ ہے جبکہ پانی ذخیرہ کرنے کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 1550 فٹ تک ہے۔