امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایران کے معاملے میں انتہائی مضبوط پوزیشن میں ہے اور ضرورت پڑنے پر بھرپور طاقت استعمال کی جائے گی۔
راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی قیادت اور اس کے فوجی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے اور ایران کے میزائل پروگرام اور دیگر ہتھیاروں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگی محاذ پر صورتحال توقع سے بھی بہتر ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف کارروائی نہ کی ہوتی تو ایران ممکنہ طور پر جوہری صلاحیت حاصل کر لیتا اور ایک ایٹمی طاقت بن جاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا اپنے اتحادیوں اور عالمی امن کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا، جبکہ ایران کے معاملے پر آئندہ حکمت عملی بھی زیر غور ہے۔


