اسلام آباد: چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وفد کے ہمراہ امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پہنچے اور ان سے ملاقات بھی کی ۔
ملاقات میں اہم سیاسی امور پر بات چیت جبکہ جے یو آئی سربراہ نے مدارس رجسٹریشن ایکٹ پر صدر مملکت کے دستخط نہ ہونے کے حوالے سے گفتگو بھی کی۔
ملاقات میں جے یو آئی کی جانب سے مولانا عبدالغفور حیدری، کامران مرتضٰی، حاجی غلام علی ، مولانا لطف الرحمان، مفتی اسعد محمود جبکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ شریک تھے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ صدر کسی سیاسی جماعت کا نہیں ریاست کا صدر ہوتا ہے، مدارس کی رجسٹریشن پر بلاول بھٹوزرداری پہلے بھی ہمارے ساتھ تھے اب بھی ہمارے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آج یقین دہانی کرا دی ہے کہ صدر مدارس کی رجسٹریشن کے بل پر دستخط کر دیں گے۔