اسلام آباد: وفاقی وزیر امور گلگت بلتستان و کشمیر اور سیفران انجینئرامیرمقام کی زیر صدارت وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر گلگت بلتستان کے مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان، چیئرمین واپڈا جنرل (ر) سجاد غنی، گلگت بلتستان کے وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں اہم امور پر فیصلے کیے گئے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی طے کی گئی۔
اجلاس میں واٹر اسکیم کا ٹینڈر دو ماہ کے اندر جاری کرنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ صفائی اور سیوریج اسکیم کا ٹینڈر چار ماہ میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چولہا اسکیم کے باقی متاثرین کو جلد از جلد مالی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کے تحت پی سی-1 کے تحت اسکیموں کے ٹینڈرز دو ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی،Revise پی سی-1 فوری جمع کروانے کی ہدایت تاکہ منصوبے وزارتِ منصوبہ بندی سے جلد منظور کیے جا سکیں۔
اجلاس میں طے پایا کہ کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے ہر ماہ باقاعدگی سے اجلاس منعقد ہوگا تاکہ پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بھاشا ڈیم کے متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، اور اس کے ثمرات جلد عوام کو ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔