سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر نقوی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دیا ہے۔
جسٹس مظاہر نقوی نے اپنے استعفے میں کہا کہ بطور جج لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں خدمات انجام دینا میرے لئے اعزاز کی بات تھی، موجودہ حالات میں میرے لئے اپنے عہدے پر کام جاری رکھنا ممکن نہیں رہا، اس لیے میں نے بطور جج سپریم کورٹ مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف ریفرنس زیرسماعت ہے۔ سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے گزشتہ روز کونسل کی کارروائی پر حکم امتناع کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
اس سے پہلے جسٹس نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل میں شوکاز کا تفصیلی جواب جمع کرایا تھا۔ جسٹس مظاہر نقوی نے اپنے جواب میں خود پر عائد الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ سپریم جوڈیشل کونسل جج کے خلاف معلومات لے سکتی ہے لیکن کونسل جج کے خلاف کسی کی شکایت پرکارروائی نہیں کرسکتی۔