امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے اطراف سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، اڈیالہ گارڈز کی نفری کو سٹینڈ بائی رکھا جائےگا، ڈیوٹی کی براہ راست نگرانی ایس پی صدر انعم شیر کریں گی ۔
راولپنڈی: پولیس ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل کے اطراف اضافی سکیورٹی کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا، یہ اضافی سکیورٹی پلان غیر معینہ مدت تک نافذ رہےگا ۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل روڈ پر 5 اضافی پکٹس قائم کردی گئیں۔ داہگل ناکہ، گیٹ ون،گیٹ 5،فیکٹری ناکہ اور گورکھ پور پر اضافی نفری تعینات رہے گی ۔
پولیس افسران اور اہلکاروں کی ڈیوٹی 12، 12گھنٹےکی دو شفٹوں میں تقسیم کی گئی ہے۔ 12 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات رہیں گے ۔
مجموعی طور پر اڈیالہ جیل کی بیرونی سکیورٹی پر 700 سے زائد اہلکار و افسر تعینات رہیں گے۔ سکیورٹی پر مامور اہلکار اینٹی رائٹ سامان سے لیس ہوں گے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق اڈیالہ گارڈز کی نفری کو سٹینڈ بائی رکھا جائےگا، ڈیوٹی کی براہ راست نگرانی ایس پی صدر انعم شیر کریں گی ۔


