راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کی وجہ سے واسا نے پری الرٹ جاری کردیا ہے۔
ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح کو مسلسل مانیٹر کیا جارہا ہے۔نالہ لئی کے قریب رہنے والی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی ندیم کالونی اور جاویدکالونی کےمکینوں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔ایم ڈی واسا کے مطابق بارش کے بعد سے نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر 5 فٹ اور گوالمنڈی پل پر پانی کا لیول 4 فٹ کے قریب ہوگیا ہے،اب گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 12 فٹ کے قریب ہوگئی ہے جس کے بعد سے خطرے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔واساحکام کے مطابق جڑواں شہروں میں شدید بارشوں کی وجہ سے واسا راولپنڈی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی رین ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے، جبکہ واسا ٹیمیں نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری کی مدد سے نکاسی آب میں مصروف ہیں۔