پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کارکن عالیہ حمزہ کو 9 مئی کو تشدد سے متعلق ایک اور کیس میں دوبارہ گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکن کو سرگودھا جیل کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ عالیہ حمزہ 9 مئی کو تشدد سے متعلق ایک مقدمے میں گوجرانوالہ پولیس کو مطلوب تھی، گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کو تشدد کے 3 مقدمات میں صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی درخواست ضمانت منظور کر لی جب کہ تھانہ موسیٰ خیل سرگودھا میں درج چوتھے مقدمے میں عبوری ضمانت منظور کی گئی۔ عدالت نے توڑ پھوڑ کیس میں پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔خیال رہے کہ پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت سے صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کا 30 روزہ جسمانی ریمانڈ طلب کیا تھا تاہم عدالت نے دونوں پی ٹی آئی کارکنوں کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔