وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 4 ارب روپے کی فوری امداد کا اعلان کر دیا، ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین میں 10 لاکھ اور زخمیوں میں 5 لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کئے ۔
گلگت: وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کا ایک روزہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے حالیہ سیلاب سے جاں بحق اور زخمی افراد کے لواحقین میں مالی امدادی چیکس تقسیم کیے ۔
ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق، وزیراعظم کو دورے کے دوران گلگت بلتستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے، جب کہ زخمیوں کو 5 لاکھ روپے کے چیکس فراہم کیے گئے، وزیراعظم نے فوری طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 4 ارب روپے جاری کرنے اور دیگر نقصانات کی مکمل تفصیلات سامنے لانے کے لیے متعلقہ وفاقی اداروں کو بھی ہدایات جاری کر دی ہیں ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے 100 میگاواٹ کے سولر بجلی منصوبے کو جلد ایکنک سے منظور کرانے کی یقین دہانی کرائی اور گلگت بلتستان میں قائم ہونے والے دانش اسکولوں کی سنگِ بنیاد کی تقریب میں دوبارہ شرکت کا عندیہ دیا ۔