مانسہرہ تھانہ صدر پولیس نے داتہ چوک مانسہرہ میں عوام الناس سے اسلحہ کی نوک پر بھتہ وصول کرنے والے گروہ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے کارندوں کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اس واقع کی اطلاع ملتے ہی ضلعی پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی ریشم جہانگیر کو فوری کارروائی کا حکم دیا۔ جس پر ڈی ایس پی سٹی جاوید خان کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ صدر اسرار حسین شاہ نے ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان میں اسد شاہ ولد ضامن شاہ سکنہ داتہ اور اسکے ساتھی محمن شان ولد امجد شاہ سکنہ ٹنن ڈھیری، عمیر شاہ ولد عبد الرحمن شاہ سکنہ گنڈا اور عباس ولد محمد ارشد سکنہ ٹنن شامل ہیں۔ ملزمان سڑک پر شہریوں کو اسلحہ کی نوک پر روک کر بھتہ وصول کرتے تھے، ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا، جس میں پسٹلز، کلاشنکوف اور بڑی تعداد میں کارتوس شامل ہیں۔
ڈی پی او مانسہرہ نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔