پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بڑی سفارتی کامیابی حاصل کی ہے اور پہلگام واقعے کے خلاف منظور کردہ مذمتی قرارداد میں سخت الفاظ شامل کرانے کی بھارتی کوششوں کو ناکام بنادیا، بھارت قرار داد میں پہلگام کا لفظ میں شامل نہیں کرواسکا ۔
پہلگام واقعے کے 4 دن بعد جاری کیے گئے بیان میں کونسل کے ارکان نے اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے ۔
سلامتی کونسل کی جانب سے جمعے کو جاری ایک پریس ریلیز میں رکن ممالک نے متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ بھارت اور نیپال کی حکومتوں کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔
انہوں نے منگل کے روز ہونے والے حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا جس میں مسلح افراد کے ایک گروپ نے ہمالیائی خطے کا دورہ کرنے والے سیاحوں پر فائرنگ کی تھی، جس پر بھارت اور پاکستان دونوں اپنی حاکمیت کا دعویٰ کرتے ہیں ۔
سفیروں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے ۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے اقدامات مجرمانہ اور غیر منصفانہ ہیں، چاہے ان کا محرک کچھ بھی ہو، جہاں بھی، جب بھی اور جس نے بھی اس کا ارتکاب کیا ہو، مجرموں، منتظمین، فنانسرز اور اسپانسرز کا احتساب کیا جانا چاہیے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے ۔