اسلام آباد: ملک کے 97 منتخب اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا چوتھا روز ہے اور مہم 8 نومبر تک جاری رہے گی۔
نیشنل ای او سی کے مطابق پولیو مہم کے پہلے تین روز میں ایک کروڑ 96 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔
مہم میں تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے۔
2 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے میں مصروف ہیں۔
پنجاب کے 13 منتخب اضلاع میں 75 لاکھ 52 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
سندھ کے 20 اضلاع میں تقریباً 56 لاکھ 59 ہزار بچوں کو، خیبر پختونخوا کے 27 اضلاع میں تقریباً 40 لاکھ 2 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے۔
بلوچستان کے 31 اضلاع میں 16 لاکھ 50 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
اسلام آباد میں 4 لاکھ 18 ہزار سے زائد بچوں کو، گلگت بلتستان کے 3 اضلاع میں 1 لاکھ 49 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے۔
آزاد جموں و کشمیر کے 2 اضلاع میں 1 لاکھ 82 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
نیشنل ای او سی کے مطابق پولیو ایک لاعلاج مرض ہے، تاہم ویکسین کے ذریعے بچوں کو اس سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔


