اسلام آباد: وزیراعظم ہاؤس میں تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، دونوں ممالک کے تجارت، دفاع اور دیگر شعبہ جات کے وفاقی وزرا و اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 21 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کردیے گئے جن کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، دفاع سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی ۔
اس موقع پر باری باری ہر وزارت کے پاکستانی اور ترک وزیر کو سٹیج پر بلایا گیا اور دونوں وزرا نے معاہدے اور ایم او یوز کی دستاویزات کے تبادلے کیے ،یہ معاہدے دفاع، تجارت، توانائی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اطلاعات، فنانس، مذہبی امور کی وزارتوں کے درمیان ہوئے ۔
ترکیہ پاکستان اعلیٰ سطح تزویراتی تعاون کونسل کے ساتویں اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں معاہدوں اور ایم او یوز کی تفصیلات جاری کی گئیں ۔ ایکسپورٹ کریڈٹ بینک آف ترکیہ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ،سینٹرل بینک آف ترکیہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان تکنیکی تعاون کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت ہوئی ۔
سامان کی تجارت بڑھانے کے معاہدے کے حوالے سے دستاویز کا تبادلہ ہوا۔ صنعتی پراپرٹی میں تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ تجارت میں استعمال ہونے والے اوریجن سرٹیفکیٹس کی تصدیق کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے ایم او یو سائن ہوا ۔