آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ نے مسلسل دوسرا میچ جیت کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ،نیوزی لینڈ کی کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ۔
راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے چھٹے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی ،بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے، نجم الحسن شانتو 77 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔
ذاکر علی 45، راشد حسین 26 اور تنزید حسن 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل براس ویل نے 4 اور ول او رورکی نے دو وکٹیں حاصل کیں ۔
نیوزی لینڈ نے 237 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا،
نیوزی لینڈ کی جانب سے راچن رویندرا نے شاندار سنچری سکور کی اور سب سے زیادہ 112 رنز بنائے، ٹام لیتھم 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد، ناہید رانا، مستفیض الرحمان اور راشد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،نیوزی لینڈ کے مائیکل براس ویل کو 4 وکٹیں لینے اور 11 قیمتی رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔
یہ میچ جیت کر نیوزی لینڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جب کہ پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا ،اس سے قبل بھارت نے گروپ اے میں بنگلہ دیش اور پاکستانی ٹیم کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا ۔